کراچی: شہر قائد میں سورج آج بھی آگ برسائے گا، شہر میں آج درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکا ن ہے۔
کراچی آج ہیٹ ویو کے نشانے پر رہے گا، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا، شہر میں آج درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا، ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے جبکہ 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی ہوا چل رہی ہے۔
کراچی کے عوام کو گرمی کی شدت میں سہولیات کی فراہمی کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے کیمپس لگائے گئے ہیں۔
ڈسٹرک ویسٹ منگھوپیر اور تمام ڈسٹرکس میں مختلف ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کئے گئے ہیں، کیمپ میں شہریوں کو گرمی سے بچانے کیلئے او آر ایس، ٹھنڈا پانی اور دیگر چیزیں فراہم کی جارہی ہیں۔
تپتی ہوئی دھوپ اور گرمی سے نڈھال اپنے روزمرہ کے امور انجام دینے والے شہریوں نے بھی سندھ حکومت کی اس کاوش کو سراہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر 25 مئی تک جاری رہے گی، کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
حکومت سندھ کی جانب سے ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے کیمپس موسم معتدل ہونے تک لگائے جائیں گے۔