Aaj Logo

اپ ڈیٹ 17 مئ 2022 08:59pm

سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں شہباز اور حمزہ کی حکومتیں ختم ہوگئیں، فواد چوہدری

لاہور: سابق وفاقی وزیراطلاعات اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں شہباز اور حمزہ کی حکومتیں ختم ہوگئی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حکومتیں ختم ہوچکی ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے مطابق لوٹے ووٹ نہیں ڈال سکتے، شہباز شریف کے 169 ارکان ہیں جب کہ 25 اراکین کا ووٹ حمزہ شہباز کی حمایت سے ختم ہوجاتا ہے جس کے تحت دونوں حکومتیں عملی طور پر آج ختم ہوچکی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عہدے چھوڑنے کی ہدایت دیتے ہوئے صدر مملکت سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا بھی مطالبہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر منحرفین کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے جس کے تحت کسی بھی منحرف رکن کا ووٹ شامل نہیں کیا جائے گا۔

Read Comments