دبئی: اریبین ٹریول مارکیٹ کے نام سے مشرق وسطیٰ کا ٹریول انڈسٹری کا سب سے بڑا میلہ سجایا گیا۔
آج نیوز کے مطابق اریبین ٹریول مارکیٹ فیئرکے نام سے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہونے والی سالانہ نمائش میں دنیا بھرسے ٹریول انڈسٹری کے بڑے پلیئرز نے شرکت کی، جن میں سیروسیاحت کے شعبے سے منسلک 15 سو سے زیادہ کمپنیاں، بڑی ایئرلائنز اور ادارے شامل تھے۔
اریبین ٹریول مارکیٹ میں 150 سے زیادہ ملکوں سے ماہرین نے شرکت کی جبکہ ٹریول انڈسٹری کے مستقبل سمیت مختلف موضوعات پر سیمینارز میں شرکاء کی بڑی تعداد نظر آئی۔
تاہم ٹریول انڈسٹری کے نمائندے فضائی سفر میں تیزی سے اضافے پر خوش نظرآئے جبکہ ان کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ فضائی سفر میں بزنس کلاس سفر میں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال یہ میلہ 85 فیصد بڑے پئمانے پر ہوا۔
علاوہ ازیں اس مرتبہ ہر خطے کو زیادہ مواقع فراہم کیے گئے جبکہ 9 سے 12 مئی تک جاری رہنے والے اس میلے میں 20 ہزارسے زیادہ لوگوں نے شرکت کی۔