اسلام آباد:سپریم کورٹ نے نئی حلقہ بندیوں کیخلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ترمیم شدہ درخواست پر نمبر لگانے کا حکم دے دیا، عدالت نے پی ٹی آئی کو الیکشن پلان سمیت دیگر اضافی دستاویزات جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2رکنی بینچ نے نئی حلقہ بندیوں کیخلاف تحریک انصاف کی اپیل پر سماعت کی۔
وکیل فیصل چوہدری نے درخواست میں کچھ فریق تبدیل کرنے کا مؤقف اپنایا۔
عدالت نے تحریک انصاف کی ترمیم شدہ درخواست پر نمبر لگانے کا حکم دیتےہوئے کہا کہ ترمیم شدہ درخواست پر نمبر لگنے کے بعد کیس سنیں گے۔
عدالت نے پی ٹی آئی کو الیکشن پلان سمیت دیگر اضافی دستاویزات جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
وکیل تحریک انصاف نے کہا کہ غیر قانونی طور پر نئی حلقہ بندیوں کا عمل شروع کر دیا گیا،الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیاں کرنے سے روکا جائے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ درخواست پر نمبر نہیں لگا، پہلے کیسے نوٹس کر دیں۔
عدالت نے فواد چوہدری کو بات کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ کیس میں صرف ایک وکیل بات کرے، ترمیم شدہ درخواست پر نمبر لگنے کے بعد دیگر معاملات سنیں گے۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے سماعت 2ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔