پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ سندھ سے الیکشن لڑ کر دکھاؤ، دیکھتے ہیں تمہیں لوگ کتنے ووٹ دیتے ہیں، 2018 کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی، سلیکٹڈ کو جمہوری طاقت سے ہٹایا، ہم نے پی ٹی آئی کے ووٹ کے بغیر حکومت بنائی۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے کب کہا کہ الیکشن نہیں کرائیں گے، الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کرنا چاہتے ہیں، ہمارے دور میں اسٹاک مارکیٹ میں استحکام آیا، تیل کی قیمت بڑھنے سے ہرچیز کی قیمت بڑھتی ہے۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے چکن ٹماٹرکی قیمت کم کرنےنہیں آیا، میں کہتا ہوں کہ میں عام آدمی کا کچن چلانے آیا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات ہوتے ہی الیکشن کرائیں گے، کل رات میاں صاحب سے ملاقات ہوئی تھی، جوبات کررہا ہوں، میاں صاحب کی منظوری سےکررہا ہوں۔
آصف زرداری نے کہا کہ بجلی بچانے کیلئےسولرسسٹم لگائے جانا چاہئیں، عمران خان جب کھڑے ہوتے ہیں جھوٹ بولتے ہیں، عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو گمراہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام تک مالی مشکلات رہیں گی، معاشی استحکام کیلئےتاجر برادری سے تجاویز چاہتے ہیں، فوج غیرسیاسی ہوتی ہےتوجنرل باجوہ کوسیلوٹ کرناچاہئےکہ لڑناچاہے؟ گلیشیئرپگھلنے سے پانی کا مسئلہ حل ہو رہا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگاتا تو صورتحال یہ نہیں رہتی، یہ کونسے بازار کا نواب ہے جس سے میر جعفر اور میر صادق ہوگیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ یہ لوگوں کو کیوں غداری کے تمغے دے رہا ہے، یہ کہ میں نہیں تو کوئی بھی نہیں، پاکستان کی آبادی 22 نہیں 30 کروڑ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گمراہ دوست کہہ رہے تھے کہ دبئی چلا گیا، میں اپنے بچوں سے ملنے گیا تھا، اگر کوئی پاکستان چلا سکتا ہے، یہ نہیں چلاسکتا، ایم کیو ایم کو صحیح راستے پر لگا کر کام لینا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ سمجھتی ہے کہ الیکشن میں جانا چاہئے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، پاکستان میں اتنی سازشیں ہوئیں کہ یہ ہماری جین میں آگئی، سازش نہ بھی ہوتو ہم سازشیں ڈھونڈتے ہیں۔
پی پی کو چیئرمین نے کہا کہ کہ علوی صاحب کی سوچ کم ہے، علوی ڈینٹیسٹ ہیں انہیں سیاست کا کیا پتہ ہے۔
صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے امریکی دھمکی سےمتعلق مراسلہ نہیں پڑھا، میں بائیڈن کو جانتا ہوں، بائیڈن میرا دوست ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نہ نکالتے تو خانہ جنگی ہوجاتی، ہم ڈوب رہے تھے، ملک ڈوب رہا تھا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چیلنج ہے کہ سندھ سے الیکشن لڑ کردکھاؤ، دیکھتے ہیں تمہیں لوگ کتنے ووٹ دیتے ہیں۔