سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی کا ہنگامی اجلاس لندن میں طلب کرلیا ہے، وزیراعظم شہبازشریف وفد کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں۔
آج نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف احسن اقبال،مفتاح اسماعیل،ایازصادق،مریم اورنگزیب خواجہ آصف،راناثنااللہ،خواجہ سعد رفیق اورملک احمدخان بھی ہمراہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کا ہنگامی اجلاس لندن میں بلایا ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سمیت سینئر قیادت شرکت کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی پہلے سے ہی لندن میں موجود ہیں جب کہ مسلم لیگ کی قیادت اجلاس کے لیے کل اور وزیر اعظم شہباز شریف کا آج رات روانہ ہوں گے۔
اس ضمن میں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ لندن میں کوئی بڑا اجلاس نہیں بلکہ نواز شریف سے خیرسگالی ملاقات کرنے کے لئے جارہے ہیں جہاں ان سے مختلف امور پر مشاورت بھی کی جائے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج رات 8 سے 10 افراد لندن روانہ ہوں گے، ہمارا لندن کا دورہ سیاسی ہے نہ اس متعلق کوئی خصوصی ایجنڈا تیار لے کر جا رہے البتہ ملاقات میں آئندہ روز کی اسٹریٹجی پر بات کریں گے۔