اسلام آباد:سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ اقتدارسے بےدخل ہوکر عمران خان ذہنی توازن کھوچکا ہے اوراب قومی اداروں پرحملہ آورہورہاہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کیخلاف نفرت انگیز مہم چلانے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اسے احتساب سے بچنے کی ایک بھونڈی کوشش قرار دے دیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کے ہاتھوں ایک آئینی عمل کے ذریعے اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران خان ذہنی توازن کھوچکا ہے اوراب قومی اداروں پرحملہ آورہورہا ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کی وجہ کرپشن کیسز ہیں، عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس کاخوف ہے،عمران خان کا بیانیہ ملک کودولخت کرنے کے مترادف ہے،عمران خان عوام کوبھڑکانے کی کوشش کررہا ہے، عمران خان نے ملک کو آگے لے جانے کے بجائے پیچھے کردیا۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ پاک فوج پاکستانی سرحدوں کی محافظ ہے ،آئین اور جمہوریت کا تحفظ بھی پاک فوج کی ذمہ داری ہے، اداروں کوسیاست میں گھسیٹ کرمتنازع نہ بنایاجائے، عمران خان خودمیر جعفراور میر صادق کا کردار ہے، پاکستان کی سلامتی کو داؤپر لگانے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔