اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہبا زشریف نے یوم مزدور پر محنت کش مرد اور خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے یوم مزدور پراپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مزدوروں نے ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں مدد کی، آج ہم تمام محنت کشوں اور ان کے خاندانوں کیلئے ایک سازگار ماحول اور اعلیٰ معیار زندگی فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ایک خوشحال اور مطمئن افرادی قوت ہی ملک کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہے۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان میں مزدوروں کو ہیلتھ انشورنس، خوراک، پناہ اور مالی امداد فراہم کی گئی، کم از کم اجرت میں اضافہ ہوا،آج آگے بڑھنے کا واحد راستہ جدید ترین تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ افرادی قوت ہے، اپنی افرادی قوت کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کی مزدوروں کے عالمی دن پر تمام محنت کشوں کومبارکباد
ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر پاکستان سمیت دنیا کے تمام محنت کشوں کومبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنےپیغام میں کہنا تھا کہ شکاگو مزدوروں کی قربانیاں مزدوروں کےحقوق کیلئے ایک عالمی تحریک بن چکی ہے، دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے، ہم اسلام، آئین اور عالمی معیارات کے مطابق مزدوروں کے کام کے حالات کو بہتر بنائیں گے، مزدوروں کے مسائل ہر سطح پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
شہباز شریف نے مزیدکہا کہ محنت کشوں کی ترقی کے بغیر دنیا کی حقیقی ترقی ادھوری ہے، ہم نے کم از کم اجرت بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی، تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔