لاہور: مسلم لیگ نون کے نائب صدر حمزہ شہباز حلف اٹھانے کے بعد پنجاب کے 21 ویں وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔
میاں حمزہ شہباز 6 اکتوبر 1974 کو لاہور میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق لاہور کے ایک صنعت کار اور سیاسی خاندان سے ہے،1999میں شریف فیملی کے جلاوطن کے ہونے کے بعد حمزہ شہباز پاکستان میں موجود رہے اور اپنے کاروباری اورسیاسی معاملات دیکھتے رہے۔
حمزہ شہباز2008اور2013 کے انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، 2018 کےانتخابات میں رکن قومی اسمبلی اور رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے، مگر قومی اسمبلی کی نشست چھوڑ کرصوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنے۔
حمزہ شہباز وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے بڑے بیٹے ہیں۔
پنجاب میں تحریک عدم اعتماد پیش ہونے اور عثمان بزدار کے استعفے کے بعد قائد ایوان کے انتخاب میں حمزہ شہباز 197 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔
جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار پرویزالہیٰ نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کے بعد الیکشن کا بائیکاٹ کردیا تھا، گورنرپنجاب عمرسرفراز چیمہ نے بھی حمزہ شہباز سے عہدے کا حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔
حمزہ شہباز2019 میں ایک سال 8 ماہ 13 روز نیب کی قید میں بھی رہے، حمزہ شہباز 20 سال کی عمر میں اڈیالہ جیل بھی گئے۔