Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2022 12:56pm

نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری سے قبل بزدار کا استعفیٰ مسترد

لاہور: گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب سے چند لمحوں قبل نگراں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کردیا گیا۔

آج نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو ہدایت کی کہ وہ (آج) ہفتہ کی صبح 11:30 بجے حمزہ شہباز سے حلف لیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن نے پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف لینے کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا۔

اس کے ساتھ ہی گورنر پنجاب عمر چیمہ نے آئینی اعتراضات اٹھانے کے بعد عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کر دیا اور پنجاب اسمبلی کے سپیکر پرویز الٰہی کو خط لکھا جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ انہیں خط موصول ہو گیا ہے۔

گورنر پنجاب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130کے سب سیکشن 8 کے تقاضے پورے نہیں کرتا، عثمان بزدار نے استعفیٰ گورنر کے نام دیا ہی نہیں ہے۔ جبکہ عمر سرفراز چیمہ نے خط میں لکھا کہ عثمان بزدار نے استعفیٰ وزیراعظم کے نام دیا جو آئینی طور پر غلط ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ عثمان بزدار بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب بحال ہو گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ مسترد ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی بحال ہو گئی ہے۔ عثمان بزدار کو فوری پنجاب کابینہ کا اجلاس بلانے کی تجویز دے دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں بلایا جائے گا، جبکہ پنجاب کابینہ کا اجلاس عثمان بزدار کی زیر صدارت آج ہو گا۔

یاد رہے کہ عثمان بزدار نے 28 مارچ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے اس وقت کے گورنر چوہدری محمد سرور نے یکم اپریل کو منظور کر لیا تھا۔

Read Comments