لاہور ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے اس معاملے پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 30 اپریل بروز ہفتے کی صبح 11 بجے اسپیکر قومی اسمبلی نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے حمزہ شہباز کی حلف برادری سے متعلق دائر والی تیسری درخواست پر فیصلہ سنایا جس کا 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا ہے۔
اس سے قبل حمزہ شہباز نے پہلی پٹیشن 22 اپریل کو دائر کی تھی جس کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے کی تھی اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو وزیراعلیٰ کا خود حلف لینے یا کسی نمائندے کو نامزد کرنے کا حکم دیا تھا۔
جب کہ حمزہ شہباز نے حلف کیلئے دوسری پٹیشن 27 اپریل کو دائر کی جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے 28 اپریل کو رات 12 بجے سے قبل گورنر چیمہ کو نومنتخب وزیراعلیٰ سے خود حلف لینے یا کسی نمائندہ کو مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت کے مذکورہ دو احکامات پر عمل نہیں کیا گیا جس کے بعد اب لاہور ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم دے دیا ہے۔