اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کردیں۔
الیکشن کمیشن میں سینیٹر یوسف رضا گیلانی اور ایم پی اے علی حیدر گیلانی نااہلی کیس پر سماعت ہوئی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی درخواستوں پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹر رہیں گے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی درخواستوں کو خارج کردیا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ اس کیس بارے حقائق ٹھیک پیش نہیں کئے گئے،یوسف رضا گیلانی کیخلاف براہ راست کوئی شواہد نہیں، اس کیس کی 20 سماعتیں ہوئی اور 12 بار کیس ملتوی کرنے کی درخواست کی گئیں،اس کیس کا فیصلہ ایک مہینہ بھی محفوظ نہیں رہا۔
فیصلے میں علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور کیپٹن جمیل کخلا ف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر علی حیدر گیلانی کیخلاف کرپٹ پریکٹس کا مقدمہ درج کرائیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور عالیہ حمزہ نے درخواستیں دائر کی تھیں۔