لاہور: ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کارروائی کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا، اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہونے والی ووٹنگ کیلئے اراکین اسمبلی کو موبائل فون ایوان میں لے جانے سے روک دیا گیا۔
پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کخلا ف تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل ہے۔
ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کخلا ف تحریک عدم اعتماد خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگی۔
اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکین اسمبلی کیلئے سیکرٹریٹ نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، صبح ساڑھے 11 بجے ہونے والے اجلاس کے دوران اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ قطعی بند ہوگا جبکہ تمام اراکین اسمبلی اپنے موبائل فونز ایوان سے باہر اسمبلی سکیورٹی عملہ کے پاس جمع کروائیں گے۔
خواتین اراکین اسمبلی کو بھی اپنے ہینڈ بیگز سیکیورٹی عملے کو جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔