لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عمرے کی ادائیگی کیلئے اجازت کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ہے، عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل میں کس کیس میں ڈالا گیا، نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ مریم نواز کا نام نیب کے کیس میں ضمانت کے وقت ڈالا گیا، یہ درخواست پہلے 2021 میں لگی جو اب تک پینڈنگ ہے۔
مریم نواز کی جانب سے ایڈووکیٹ احسن بھون نے عدالت سے استدعا کہ رمضان کے آخری عشرہ میں مریم نواز نیکی کے کام کیلئے سعودی عرب جانا چاہتی ہیں۔
جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔