اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے والا ہے۔
دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کل نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں متعلقہ سفیر نے واضح کردیا کہ مراسلے میں سازش نام کی کوئی چیز شامل نہیں اور اگر سازش ہوئی تھی تو اسپیکر نے اس تحریک کی اجازت کیوں دی۔
انہوں نے کہا کہ 30 دن کے اندر عمران خان کے خلاف منی لانڈرنگ کا فیصلہ آنا ہے اس لیے الیکشن کمیشن کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جب بی اے پی اور ایم کیو ایم نے ساتھ چھوڑا تو انہوں نے سازش کے کاغذ لہرانا شروع کردیے اور اتحادیوں کے چھوڑے جانے کے بعد عمران خان کو نئے انتخابات بھی یاد آنے لگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کئی دن تک مراسلے کو کیوں چھپائے رکھا، وہ سازش کرنے والے ملک کے نمائندوں سےکیوں ملتے رہے، ان کو چاہیے کہ اب عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نےالیکشن کمیشن سے اپنے اکاؤنٹس چھپائے، شوکت خانم کےنام پارٹی کیلئےفنڈ بھی اکٹھا کرتے رہے،پنجاب میں کمیشن کھانے والوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان، تحریک انصاف کے جلسوں اور ریلیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی تھی، صدر کاحلف لیناثبوت ہےکہ حکومت آئینی طریقےسےبنی ہے، ایک ہارے ہوئے شخص سے ہمیں کوئی خوف نہیں، جلسے کریں یا کال دیں ہمیں کوئی پروا نہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے کہہ رکھا ہے عمران خان کو ہر جلسے میں سیکورٹی دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کانہ ہوناعمران خان کی نالائقی ہے، انہوں نے 4 سال تک عوام کو لوٹا اور معیشت کو تباہ کیا اور کشمیر کا سودا بھی کیا جبکہ سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ کے تحائف کوذاتی کاروبار کے لیے استعمال کیا ہے۔