کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ تا کراچی شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
آج نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی تا کوئٹہ شاہراہ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے، جس کا ایک ٹریک ہونے کی وجہ سے حادثات میں ہر سال ہزاروں اموات ہوتی ہیں۔
سابق ڈی جی موٹر وے شیر علی جھکرانی نے بتایا کہ دونوں شہروں کے درمیان نقل و حمل کی عدم سہولیات کی وجہ سے سالانہ تقریباً 8 ہزار اموات ہوتی ہیں۔
آج نیوز سے بات کرتے ہوئے کوئٹہ کے رہائشی محمد جان کا کہنا ہے کہ 'اس روڈ سے کاروباری افراد آتے جاتے ہیں، بہت حادثے ہوتے ہیں جبکہ وزیر اعظم کو چاہیے کہ جلد از جلد اس روڈ کو ڈبل کریں۔'
اسی سلسلے میں شہر میں رکشہ چلانے والے غلام رسول نامی شخص کا کہنا ہے کہ 'ہم لوگوں کے ملک میں معاملہ ہی ایسا ہے کہ ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کی وجہ سے کتنے حادثات ہوتے ہیں۔'
اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف کوئٹہ کے ایک روزے دورے کے دوران کوئٹہ میں لِیور (جگر) ٹرانسپلانٹ کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں جگر کی پیوندکاری کے لیے کوئی ہسپتال موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے علاج کے لیے مریضوں کو کراچی کا رُخ کرنا پڑتا ہے۔