Aaj Logo

شائع 21 اپريل 2022 02:36pm

لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عمرے پر جانے کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔

عدالت نے درخواست چیف جسٹس امیر بھٹی کو بھجوا دی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی۔

مریم نواز کی طرف سے احسن بھون ایڈووکیٹ پیش ہوئے جنہوں نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے درخواست گزار مریم نواز کی ضمانت منظور کی تھی۔

درخواست گزار نےعدالتی حکم پر اپنا پاسپورٹ سرنڈر کر رکھا ہے، وہ عمرے کی ادائیگی کیلئے 27 اپریل کو سعودی عرب جانا چاہتی ہیں، مگر پاسپورٹ سرنڈر ہونے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں، درخواست گزار کو عمرے کی ادائیگی کیلئے پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔

عدالت نے قرار دیا کہ جس بینچ نے درخواست گزار کی ضمانت لی تھی، بہتر ہے وہی سماعت کرے۔

جس کے بعد دو رکنی بنچ نے درخواست چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے متعلقہ بنچ کے روبرو لگانے کی سفارش کردی۔

Read Comments