اسلامآباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں مملکت کے امورکی ہموار بجا آوری اورقومی سلامتی جیسے حساس معاملات پر بھی بات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شہباز نے ایوان صدر کا پہلا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر عارف علوی سے ملاقات کی جو 16 منٹ تک جاری رہی اور وزیراعظم نے صدر کی خیریت بھی دریافت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں چاروں صوبوں کے گورنرز کی تعیناتی کے علاوہ گورنر پنجاب کو ہٹانے کے لئے بھجوائی گئی سمری پر بات چیت کی گئی جبکہ نشست میں مملکت کے امور کی ہموار بجا آوری، قومی سلامتی جیسے حساس معاملات، آئینی امور پر تعاون اور ورکنگ ریلیشن شپ پربھی تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق صدرعارف علوی نے کہا کہ آئین اور قوانین کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہا ہوں، اپنی آئینی ذمہ داریوں اور تقاضو ں سے آگاہ ہوں۔
خیال رہے کہ صدر علوی نے وزیراعظم شہباز شریف اور نئی کابینہ سے حلف لینے سے معذرت کرلی تھی جس کے تحت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے حلف لیے تھے۔