آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کا اجلاس (آج) پیر کو ہوگا۔
آج نیوز کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے جس کا مطلب ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدوار سردار تنویر الیاس نشست کے لیے بلامقابلہ منتخب ہو جائیں گے۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر سلطان محمود نے ہفتہ کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں سیشن کے ملتوی ہونے کے بعد نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس 18 اپریل کو طلب کر لیا۔
اپوزیشن نے وزیر اعظم قیوم نیازی کے استعفیٰ کے بعد تحریک عدم اعتماد لانے کی درخواست پر سپیکر کے بلائے گئے اجلاس پر اعتراض کیا تھا اور ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا تھا۔
آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ نے 16 اپریل کو صدر کی طرف سے اسمبلی کے نئے اجلاس کے بل کے ذریعے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کا نیا شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔