****اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 123 اراکینِ پارلیمنٹ کے استعفے قائم مقام اسپیکر قاسم شاہ سوری نے منظور کرلیے۔****
پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ تحریک انصاف کے 123 اراکینِ اسمبلی کے استعفے قومی اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے منظور کر لیے ہیں جس کا قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ نے باقائدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے اور استعفوں کی منظوری کے باعث ملک میں عام انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔
قاسم سوری نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بطور قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی مجھے موصو ل ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے 123 اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کو رولز اور ضابطے کے تحت منظور کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد شہباز وزیراعظم منتخب ہونے پر پی ٹی آئی کے اراکینِ نے اپنی نشستوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔