اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ چونکہ وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں چند ماہ قبل بڑھائی گئی تھیں، اس لیے موجودہ حکومت انہیں دوبارہ نہیں بڑھا رہی۔
انہوں نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ تنخواہوں کے حوالے سے کوئی یوٹرن نہیں لیا، تنخواہوں کے معاملے پر اگلے بجٹ میں غور کیا جائے گا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافہ کیا، مجھے امید ہے کہ اس پر الجھن واضح ہو جائے گی۔
اس سے قبل نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے اور کم از کم اجرت 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا تھا۔
شہباز شریف نے یہ اعلان پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر کرتے ہوئے کیا۔