اسلام آباد:وزیراعظم کے انتخاب کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار شہباز شریف اور پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
اپوزیشن جماعتوں نے شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا، جو با آسانی منظور کر لیے گئے۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل بابر اعوان نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا جسے قومی اسمبلی کے عہدیدار نے مسترد کر دیا۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل بابر اعوان نے شہباز شریف کی نامزدگی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار کرپشن کیسز میں نامزد ہے اس لیے وہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے نااہل ہے۔
بابر اعوان نے دعویٰ کیا کہ 'شہباز شریف کرپشن کے مقدمات میں ضمانت پر ہیں اور ان کی نامزدگی پر اعتراض 100 فیصد جائز ہے'۔
اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں نے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے شہباز شریف کے 11 کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔