پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے قومی اسمبلی میں ماورائے آیین اقدامات کی خلاف ورزی کے خلاف مذمتی قرارداد خیبر پختونخوا اسمبلی میں جمع کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کی طرف سے خیبر پختونخوا اسمبلی جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے حکومت کا آلہ کار بن کر آئین پاکستان پر حملہ کیا۔
متن میں لکھا کہ اسمبلی قواعد و ضوابط کو پاؤں تلے روندا اور ملک کو آئینی بحران سے دوچار کیا گیا ہے، تحریک عدم اعتماد کے مرحلے کو آئینی تقاضوں کے مطابق نمٹانا اسپیکر کی آئینی ذمہ داریوں میں شامل ہے، عمران خان نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ساتھ مل کر پاکستان کے آئین کا مذاق اڑایا ہے۔
قرارداد میں کہا کہ عمران خان نے قانونی تقاضے پورا ہونے کی بجائے راہ فرار اختیار کرکے آئین پر حملہ کیا ہے اور یہ عمل 22 کروڑ عوام کا استحقاق مجروح کرنے کے مترادف ہے، ریاست اور ریاستی ادارے آئین کی پاسداری نہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔