اسلام آباد: سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ ڈپٹی اسپیکر کو ایسی رولنگ دینے کا کوئی اخیار نہیں تھا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اَف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کی سماعت کی جس کے دوران چیف جسٹس نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وکیل سے کہا ہے کہ لارجر بنچ میں اگر کسی پر عدم اعتماد ہے تو بتا دیں ہم اٹھ جاتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان الیکشن کے لیے تیار ہیں، سارا مسئلہ جلدی الیکشن کا تھا، صدارتی ریفرنس کو موجودہ از خود نوٹس کے ساتھ سنا جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے سامنے سیاسی باتیں نہ کریں۔
پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے فل کورٹ بینچ بنانے کی استدعا کردی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ بتانا پسند کریں گے کہ کون سے آئینی سوالات پر فل کورٹ کی ضرورت ہے، اگر آپ کو بنچ میں کسی پر اعتراض ہے تو بتا دیں ہم اٹھ جاتے ہیں؟ فل کورٹ کی وجہ سے تمام دیگر مقدمات متاثر ہوتے ہیں، گزشتہ سال بھی فل کورٹ کی وجہ سے دس ہزار مقدمات کا اضافہ ہوا، معاملہ پر آج ہی مناسب حکم جاری کرینگے، جو کچھ قومی اسمبلی میں ہوا اسکی آئینی حیثیت کا جائزہ لینا ہے۔
عدالت نے پوچھا کہ کیا تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت اسپیکر دیتا ہے یا ایوان؟ فاروق ایچ نائیک نے مقدمے کے حقائق بتائے کہ اسپیکر ہاؤس میں قرار داد پیش کرنے کی اجازت دیتا ہے، ہاؤس میں قرار داد پیش ہونے کے بعد ہاؤس اجازت دیتا ہے، عدم اعتماد پر بحث کی اجازت ہی نہیں دی گئی، اجلاس شروع ہوا تو فواد چوہدری نے آرٹیکل 5 کے تحت خط کے حوالے سوال کیا، فواد چوہدری کے پوائنٹ آف آرڈر پر ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ جاری کر دی۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا 3 اپریل کو اجلاس تحریک پر بحث کا موقع دینے کی بجائے مقرر کیا گیا ہے؟ اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد پر بحث کے لیے کونسا دن دیا، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا دن کیسے دیا جا سکتا ہے۔
فاروق نائیک نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 27 مارچ کو عمران خان نے جلسے میں غیر ملکی مراسلہ لہرایا اور الزام لگایا کہ اپوزیشن اس غیر ملکی سازش کا حصہ ہے، 31 مارچ کو قومی سلامتی کونسل اور کابینہ کا اجلاس ہوا، 31 مارچ کو ہی عدم اعتماد پر بحث ہونی تھی لیکن اجلاس 3 اپریل تک ملتوی کردیا گیا، 31 مارچ کو رولنگ میں بھی تحریک پر بحث کا نہیں کہا گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں 31 مارچ کو بحث ہونا تھی، اگر تین اپریل کو بحث ہوتی تو چار اپریل کو بھی ووٹنگ ہو سکتی تھی۔
فاروق نائیک نے کہا کہ فواد چوہدری کے پوائنٹ آف آرڈر پر بحث بھی ہو سکتی تھی، اسپیکر اسد قیصر کو معلوم تھا کہ یہ غیر قانونی قدم ہے اس لیے وہ موجود نہیں تھے، ایوان میں اگر کوئی سوال اٹھتا ہے تو اس پر ایوان میں بحث لازمی ہے۔جسٹس منیب اختر نے کہا کہ فواد چوہدری کے سوال پر بحث نہ کرانا پروسیجرل غلطی ہو سکتی ہے۔ فاروق نائیک نے کہا کہ نہیں یہ پروسیجرل ایشو نہیں ہے۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ ڈپٹی اسپیکر نے کس رول کے تحت رولنگ جاری کی ہے؟، ڈپٹی اسپیکر رولز کے مطابق اسپیکر کی عدم موجودگی میں اجلاس کو چلاتا ہے، کیا ڈپٹی اسپیکر کو رولز کے مطابق ایسی رولنگ دینے کا اختیار ہے؟، میرے خیال میں ڈپٹی اسپیکر کو ایسی رولنگ دینے کا اختیار نہیں تھا، رول 28 کے تحت تو اسپیکر کو رولنگ دینے کا اختیار ہے، اسپیکر رولنگ ایوان میں یا اپنے آفس میں فائل پر دے سکتا ہے، کیا اسپیکر اپنی رولنگ واپس لے سکتا ہے؟
فاروق نائیک نے جواب دیا کہ رولنگ واپس لینے کے حوالے سے اسمبلی رولز خاموش ہیں، ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ سے ارکان اسمبلی کو ہی غدار قرار دیدیا، ایوان میں ووٹنگ کیلئے اپوزیشن کے 198 ارکان موجود تھے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کیا ووٹنگ کیلئے اجلاس بلا کر تحریک عدم اعتماد پر رولنگ دی جا سکتی ہے؟ تحریک عدم اعتماد پر فیصلہ ووٹنگ سے ہی ہونا ہوتا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کس طرح غیرآئینی ہے یہ بتائیں، اسپیکر کی طرف سے ارکان اسمبلی کو غدار قرار دینے کی رولنگ غیر قانونی کیسے ہوئی؟
فاروق نائیک نے جواب دیا کہ ڈپٹی اسپیکر صرف اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، قائم مقام اسپیکر کیلئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوتا ہے، جس خط کا ذکر ہوا وہ اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا۔
چیف جسٹس بندیال نے کہا کہ آپ کا نقطہ ہے عدم اعتماد پر ووٹنگ فکس تھی، آپ کا کہنا ہے ووٹنگ پر فکس ہونے کے بعد عدم اعتماد مسترد نہیں ہو سکتی، ہمیں یہ پوائنٹ نوٹ کرنے دیں، اسپیکر کس اسٹیج پر تحریک عدم اعتماد کی قانونی حیثیت کا تعین کر سکتا ہے؟، اسپیکر نے رولنگ میں آرٹیکل 5 کا سہارا لیا۔
پی پی کے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ تحریک 20 فیصد سے کم ارکان کی جانب سے پیش کرنے کی منظوری دینے پر ہی مسترد ہو سکتی ہے، اسپیکر کسی صورت تحریک عدم اعتماد کو بدنیتی پر مبنی قرار نہیں دے سکتا، آرٹیکل 5 کے سہارے بھی تحریک عدم اعتماد مسترد نہیں ہو سکتی، تحریک عدم اعتماد پر رولنگ آئین کیخلاف ہے، تحریک عدم اعتماد منظور یا مسترد کرنے کا اختیار ایوان کا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی عدالتی فیصلہ دیں جس میں عدالت نے آرٹیکل 69 کی تشریح کی ہو جس پر فاروق نائیک نے دلائل دیے کہ پارلیمانی کارروائی غیر آئینی اور بدنیتی پر مبنی ہو تو چیلنج بھی ہو سکتی اور کالعدم بھی، بدنیتی کی بنیاد پر آرٹیکل 254 کا سہارا نہیں لیا جا سکتا، رولنگ دینے سے پہلے اپوزیشن کا موقف نہیں سنا گیا، تمام اپوزیشن ارکان کو غداری کا ملزم بنا دیا گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ میں پارلیمانی کمیٹی کا بھی ذکر ہے، اپوزیشن نے جان بوجھ کر کمیٹی میں شرکت نہیں کی، پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی میں سارا معاملہ رکھا گیا تھا، اس سوال کا جواب تمام اپوزیشن جماعتوں کے وکلاء نے دینا ہے۔
فاروق ایچ نائیک نے اصرار کیا کہ مقدمے کو آج ہی مکمل کریں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ دوسرے فریق کو سننا بھی ضروری ہے تاکہ فیصلہ ہو جائے، آج ہی سن کر فیصلہ دینا ممکن نہیں۔ تاہم عدالت نے سماعت کل دوپہر 12 بجے تک ملتوی کردی ہے۔