اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دے دی۔
وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ میں قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں ،قوم بہت پریشان تھی کہ ملک کیخلاف سازش ہورہی ہے،میں قوم کوپیغام دیتا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے،یہ قوم اس طرح کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کے پیچھے فارن ایجنڈا تھا اور عوام کی منتخب کردہ حکومت کو گرانے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے، جنہوں نے اس مقصد کیلئے پیسے لئے، وہ لنگر خانوں میں دےدیں جبکہ عوام انتخابات کی تیاری کریں کیونکہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ انہوں نے کرنا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 27 رمضان کو پاکستان وجود میں آیا تھا اور یہ قوم ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی،ا سپیکر نے اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد مسترد کی ہے جس کے بعد میں نے صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ غداروں اور باہر بیٹھی قوتوں کے پاس اس فیصلے کا اختیار نہیں ہونا چاہیئے کہ پاکستان کا مستقبل کس کے ہاتھوں میں ہو گا بلکہ یہ اختیار عوام کا ہے اور میں انہیں پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ آئندہ انتخابات کی تیاری کریں۔