اسلام آباد: براڈ شیٹ کے سی ای او کاوے موسوی کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ’’انتہائی اہم‘‘ دن ہے۔
اسلام آباد میں احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ برطانوی فرم کے سربراہ نے "سابق وزیر اعظم نواز شریف سے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔
انہوں نے قوم کو غربت اور بے روزگاری کی کھائی میں دھکیلنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعظم عمران خان کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ پرویز مشرف کے دور میں قائم ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے شہزاد اکبر کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف کرپشن ثابت کرنے کی بھرپور کوشش کی ، تاہم وہ بری طرح ناکام رہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے نواز شریف کا احتساب کہاں کیا؟۔
شہباز شریف نے کہا کہ 20 سال کی تحقیقات کے باوجود کچھ ثابت نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ٹیلی ویژن پر نواز اور پارٹی کا مذاق اڑایا، پروپیگنڈا کیا اور آج سب نے اس کا "ڈراپ سین" دیکھ لیا ۔