Aaj Logo

شائع 22 مارچ 2022 11:12am

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، آرمی چیف

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس ایک تاریخی پیش رفت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی جبکہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان سعودی عرب کے اسلامی دنیا میں منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس ایک تاریخی پیش رفت ہے، عالمی برادری کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے میں مدد ملے گی۔

پاک فوج کے سربراہ نے مزید کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے خطے میں امن اور استحکام کیلئے ابھرتے چیلنجوں کا حل تلاش کیا جا سکے گا۔

سعودی وزیر خارجہ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا اوربارڈر مینجمنٹ کیلئے خصوصی کاوشوں اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔

معزز مہمان نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

Read Comments