پشاور: خیبرپختونخوا کی سیاسی اور اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر ماہانہ 11 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے،وزیراعلیٰ محمود خان کی سیکیورٹی کلئے 343 پولیس اہلکار تعینات ہیں جس پر ماہانہ 1 کروڑ 20 لاکھ پر اخراجات آتے ہیں۔
محکمہ داخلہ کی دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کی سیاسی اور اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر ماہانہ 11 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوتے ہیں جن میں سب سے زیادہ وزیراعلی محمود خان کی سیکیورٹی کلئے 343 پولیس اہلکار تعینات ہیں جس پر ماہانہ 1 کروڑ 20 لاکھ پر اخراجات آتے ہیں ۔
گورنر خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی پر 76 اہلکار تعینات جبکہ سیکیورٹی پر 26 لاکھ 60 ہزار خرچ ہوتے ہیں۔
صوبائی وزراء کی سیکیورٹی پر 364 اہلکار تعینات ہیں،وزراء کی سیکیورٹی پر ماہانہ ایک کروڑ 27 لاکھ 40 ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں۔
صوبے میں ججز کی سیکیورٹی پرمامور اہلکاروں کی تعداد 1194 ہیں،ججز کی سیکیورٹی پر ماہانہ 4 کروڑ 17 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں۔
حاضر سروس پولیس افسران کے ساتھ 523 اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
پولیس افسران کی سیکیورٹی پر ماہانہ اخراجات ایک کروڑ 83 لاکھ سے زائد ہیں جبکہ ریٹائرڈ پولیس افسران کے ساتھ 79 اہلکار جبکہ دیگر افراد کی سیکیورٹی پر 315 اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔