اسلام آباد:3سابق وزرائے اعظم نے سیکریٹری داخلہ، پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ کے حکام کو خبردار کردیا اور کہا کہ سندھ ہاؤس میں پولیس گردی ہوئی تو نتائج کے ذمہ دار عمران خان اور شیخ رشیدہوں گے۔
سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی نے اپنے مشترکہ بیان میں سیکریٹری داخلہ ، پولیس اور انتظامیہ کے حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہاؤس میں آج رات پولیس گردی کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار وزیراعظم عمران خان اور وزیرداخلہ شیخ رشید ہوں گے،سیکریٹری داخلہ، پولیس اور انتظامیہ کے حکام کوخبردار کرتے ہیں کہ کسی سیاسی عمل کا حصہ نہ بنیں۔
سابق وزرائے اعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے آئینی عمل میں پولیس اور انتظامیہ فریق بنی تو یہ آئین شکنی ہوگی،آئین شکنی کرنےاور ان کی مدد کرنے والوں کو سزا کیلئے تیار رہنا ہوگا،ارکان قومی اسمبلی کیخلاف پولیس گردی پارلیمنٹ پر حملہ تصور ہوگا، پارلیمنٹ لاجز والی حرکت سندھ ہاؤس میں دہرائی گئی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 172 ارکان لا نہیں پا رہے اور پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے ان کے اغوا کی تیاری کررہے ہیں، اوچھے ہتھکنڈے اعلان ہیں کہ عمران خان اکثریت اور ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، ''نہیں چھوڑوں گا'' کہنے والے کو سب چھوڑ کر جارہے ہیں اور کوئی اس کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں۔
سابق وزرائے اعظم نے مزید کہا کہ آئین کے راستے پر چلتے ارکان پارلیمان کخلاسف آئین شکنوں کا حملہ دہشت گردی اور لاقانونیت ہوگی، پولیس گردی ، آئین شکنی پر سپیکر قومی اسمبلی کی لاتعلقی، مجرمانہ خاموشی ثبوت ہے کہ وہ آئین کے بجائے پارٹی لیڈرکے تابع ہیں، آئین، جمہوریت اور پارلیمان پر حملہ کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔