Aaj Logo

شائع 17 مارچ 2022 11:15am

وزیراعظم اور اسد عمر نے الیکشن کمیشن کا نوٹس اسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

رپورٹ: آصف نوید

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے الیکشن کمیشن کا نوٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔

جمعرات کے روز وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر وکلاء کی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے۔

وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیراسد عمر کی جانب سے دیر جلسے میں الیکشن کمیشن کے نوٹس پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیراسد عمر نے درخواست میں الیکشن کمیشن اور وفاق کو بذریعہ سیکرٹری کابینہ فریق بنایا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ انتخابی مہم سے متعلق الیکشن کمیشن کا حکم نامہ خلاف قانون ہے ،الیکشن کمیشن آرڈیننس کے بعد انتخابی مہم پر پابندی نہیں لگا سکتا، الیکشن کمیشن قانون کی تشریح نہیں کر سکتا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قانونی سازی کےذریعےپبلک آفس ہولڈر کوالیکشن مہم میں حصہ لینےکی اجازت دی گئی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے وزیراعظم سمیت ہم سب کو نوٹس جاری کئے۔

اسدعمر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور میرے دستخط سے پٹیشن دائر کی ہے، الیکشن کمیشن کےپاس قانون کی تشریح کااختیار نہیں تھا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے درخواست آج ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے ۔

رجسٹرار کا اعتراض

دوسری جانب رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی پٹیشن پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہےکہ وزیراعظم کا بیان حلفی درخواست کے ساتھ منسلک نہیں، عمران خان نے بائیو میٹرک کے بغیر پٹیشن دائر کی۔

Read Comments