اسلام آباد:حکومت پاکستان نے یوکرین کے لوگوں کیلئے انسانی بنیادوں پر امداد بھیج دی، امدادی سامان وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یوکرائنی سفیر کےحوالےکیا۔
روس سے جنگ کے دوران یوکرین کی درخواست پر حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان بھیج دیا۔
امدادی سامان میں ادویات، الیکٹرو میڈیکل آلات، موسم سرما کے بستر اور کھانےکی اشیا شامل ہیں، 15 ٹن سے زائد امداد پہنچانےکیلئے 2 طیارے بھیجے جا رہے ہیں، امدادی سامان وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےیوکرائنی سفیر کے حوالے کیا۔
یوکرینی سفیر نے امدادی سامان بھجوانے پر شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مذاکرات سے مسئلہ حل ہو، فریقین سےکہیں گےکہ بات چیت سےمسئلےکاحل نکالیں۔
شاہ محمود قریشی کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان نےہمیشہ ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر کام کیاہے ،پاکستان نے آفات کےدوران بین الاقوامی برادری کےشانہ بشانہ کام کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کی جانب سے یوکرین کو انسانی بنیادوں پر امداد دینے کی منظوری دی گئی تھی۔