Aaj Logo

شائع 13 مارچ 2022 11:06am

وزیراعظم عمران خان کا آج حافظ آباد کا دورہ، عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان آج عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں حافظ آباد جائیں گے جہاں وہ عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر حافظ آباد جائیں گے۔

وزیراعظم کے جلسے کیلئے حنیف محمد کرکٹ اسٹیڈیم میں پنڈال سجادیا گیا جبکہ جلسے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے اور سیکیورٹی کےبھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

اپنے دورے میں وزیراعظم عمران خان گوجرانوالہ، حافظ آباد، کوٹ سرور روڑ اور نئے ڈی ایچ کیو اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

74کلو میٹر حافظ آباد،گوجرانوالہ دو رویہ سڑک پر 9.748 ارب لاگت آئےگی جبکہ 400 بیڈ کے نئے ڈی ایچ کیواسپتال کی تعمیر پر 9.795 ارب لاگت آئےگی، حکومت کی جانب سے حافظ آباد کیلئے30 ارب روپے کا میگا ترقیاتی پیکج دیا گیا ہے۔

اپنے دورے میں وزیر اعظم پاکستان حافظ آباد کیلئے مزید نئے منصوبوں کا بھی اعلان کریں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزراء بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہوں گے۔

وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب میونسپل کرکٹ اسٹیڈیم میں عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے، وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر شہر بھر میں پارٹی پرچم اور تشہیری بینرز آویزاں کر دیئے گے ہیں۔

دوسری جانب جلسے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ متحرک ہوچکی ہے، صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ اسٹیڈیم کے اطراف تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے جبکہ عرصہ دراز سے ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کو بھی مرمت کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ عوامی رابطہ مہم کے تحت پی ٹی آئی کا یہ چوتھا جلسہ ہوگا ، اس سے پہلے منڈی بہاوالدین،میلسی اور لوئر دیر میں پی ٹی آئی جلسے کرچکی ہے۔

Read Comments