اسلام آباد: وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن کے پاس تحریک عدم اعتماد منظور کرنے کیلئے قومی اسمبلی میں کافی تعداد نہیں ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) اور متحدہ قومی موومنٹ موجودہ حکومت کی حمایت کرتے ہیں اور دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنما اس حوالے سے واضح بیانات دے چکے ہیں۔
اسد عمر کے مطابق صرف افواہیں ہیں کہ اتحادی جماعتیں پی ٹی آئی کی قیادت سے ناخوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عدم اعتماد کے ووٹ سے ایک روز قبل وفاقی دارالحکومت میں بڑا جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب سیاسی رابطے کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ حکومت نے وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے موثر حکمت عملی بنائی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن سے اسی طرح نمٹا جائے گا جس طرح اس نے حکومت کے خلاف سازش کی ہے۔