پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے خلاف مشترکہ اپوزیشن کی عدم اعتماد کی قرارداد سے بچنے کی کوششوں میں ملک کو بحران کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم کی گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے وہ ہر کسی سے تصادم کیلئے تیار ہیں تاہم وہ جس طرح کی زبان اور لہجا استعمال کر رہے وہ بہت ہی حیران کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن سے کسی نے نیوٹرل کی اس طرح تشریح کی ہوتی تو حکومت نے سر پر آسمان کھڑا کر دینا تھا۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے وزیر اعظم کے لفظ ’نیوٹرل‘ پر کیے گئے تبصرے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم خود کہتے ہیں وہ کسی بلاک کا حصہ نہیں نیوٹرل ہیں، دعوہ کرتے ہیں کرکٹ میں نیوٹرل امپائر انہوں نے ہی متعارف کرایا۔ اب کہتے ہیں نیوٹرل تو صرف جانور ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے کہا عدم اعتماد ان کے خلاف عالمی سازش ہے اب کہتے ہیں ان کی دعا قبول ہو گئی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ اپنے ہی بیان سے یو ٹرن لینا ان کی عالمی پہچان بن چکی ہے جبکہ عدم اعتماد سے بچنے کی ان کی منصوبہ بندی ملک کو کشیدگی اور آئینی بحران کی طرف دھکیل رہی ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ بوکھلاہٹ میں یہ غلط زبان اور منصوبے بنا رہے ہیں جبکہ مصنوعی اکثریت پر قائم اس حکومت کے دن اب گنے جا چکے ہیں۔