کیف: روس نے یوکرین کے شہر ماریوپل میں اسپتال پر فضائی حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں بچوں کا وارڈ تباہ ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز روس کی جانب سے میٹرنٹی اسپتال کی عمارت پر حملے کی صورت میں حاملہ خواتین سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کاکہنا ہے کہ اسپتال پر حملے کی صورت میں اب تک کسی کی موت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے جبکہ کسی بچے کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
رپورٹس کے مطابق اسپتال پر بمباری اس وقت ہوئی جب شہریوں کی یوکرین سے ہجرت کرنے کیلئے محفوظ راہداری قائم کی گئی۔
یوکرین صدر ولودومیر زیلینسکی نے ٹوئٹر پر روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ' اسپتال کے ملبے تلے کئی افراد اور بچے دبے ہوئے ہیں'۔
Mariupol. Direct strike of Russian troops at the maternity hospital. People, children are under the wreckage. Atrocity! How much longer will the world be an accomplice ignoring terror? Close the sky right now! Stop the killings! You have power but you seem to be losing humanity. pic.twitter.com/FoaNdbKH5k
— Володимир Зеленський (@ZelenskyyUa) March 9, 2022
مقامی پولیس اہلکار نے کہا کہ 'آج روس نے ایک بہت بڑا جرم کیا ہے، یہ بغیر کسی جواز کے جنگی جرم ہے'۔
دوسری جانب حملے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں متاثرین کو نکالنے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدای سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
امریکا اور برطانیہ کی جانب سے روسی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔