اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے دورا ن ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔
31 مارچ کو 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد یقینی بنانے کیلئے متحرک ہوگیا۔
الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی اور تحصیل کونسل مانسہرہ کے امیدوار کمال سلیم سواتی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر طلبی کے نوٹسز جاری کردیئے۔
طلبی کے نوٹسز ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مانسہرہ نے جاری کئے، جس کے مطابق 10مارچ کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مانسہرہ کے دفتر میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
دوسری جانب سوات، شانگلہ، لوئر چترال اور لوئر دیر میں بڑے سائز کے پینا فلیکسز، بینرز اور وال چاکنگ پر بھی نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ اپر دیر میں احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد کو انتخابات تک روک دیا گیا ہے۔