اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چوروں کا ایجنڈا ناکام بنا دیں گے ،عدم اعتماد والے شوق پورا کرلیں، ہماری تیاری مکمل ہے، جمہوری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں گورنرز،وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابراعوان نے اجلاس کے شرکاءکو قانونی امور سے متعلق بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکاءکو ناراض حکومتی رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ ناراض رہنماء جہانگیر ترین اور علیم خان کے مجوزہ اتحاد پر بھی غور کیا گیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ علیم خان کے ساتھ رابطے میں ہوں جبکہ وزیراعظم نے پرویز خٹک اور عمران اسماعیل کو رابطوں کی ہدایت بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چوروں کا ایجنڈا ناکام بنا دیں گے، عدم اعتماد والےشوق پورا کرلیں ،ہماری تیاری مکمل ہے، جمہوری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جن کومقدموں کو خطرہ ہے وہ لوٹی ہوئی دولت کے ذریعےانقلاب نہیں لا سکتے، جنوبی پنجاب صوبہ کا بل قومی اسمبلی جلد لایا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے قانونی اورپارلیمانی ٹیم سےبل کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔