Aaj Logo

شائع 03 مارچ 2022 10:03am

پاکستان اقوام متحدہ چارٹر کے بنیادی اصولوں کا پابند ہے، منیر اکرم

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ چارٹر کے بنیادی اصولوں کا پابند ہے،پاکستان حالیہ واقعات پر گہری تشویش میں مبتلا ہے یہ سفارت کاری کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ چارٹر کے بنیادی اصولوں کا پابندہے، حق خودارادیت کے حق میں، طاقت کے استعمال کے خطرہ کیخلاف ہے۔

منیر اکرم نے کہاکہ پاکستان ریاستی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو مقدم سمجھتا ہے ، پاکستان سب کیلئے مساوی، ناقابل تقسیم سلامتی کے اصول اپنانے پر یقین رکھتا ہے ،پاکستان سمجھتا ہے ان تمام اصولوں کا مستقل اورعالمی طور پر احترام کیا جانا چاہئے ۔

پاکستانی مندوب نے کہاکہ پاکستان میں حالیہ واقعات پر گہری تشویش میں مبتلا ہے ،تنازع واضح طور پر سفارت کاری کی ناکامی کا عکاس ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے روس اور یوکرین کے درمیان تازہ ترین صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کو امید ہے کہ سفارت کاری سے فوجی تنازع کو ٹالا جا سکتا ہے۔

پاکستانی مندوب منیراکرم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت یوکرین میں پاکستانی شہریوں اور طلباء کی حفاظت کیلئے سب سے زیادہ فکر مند ہے، ان میں سے اکثریت کو نکال لیا گیا ہے جو چند باقی رہ گئے ہیں انہیں جلد سے جلد نکال لیا جائے گا۔

منیر اکرم نے کہا کہ تشدد، جانی نقصان، فوجی ، سیاسی ، اقتصادی تناؤسے بچنے کیلئے کاوشیں کی جانی چاہئیں ،تنازعات عالمی امن و سلامتی، اقتصادی استحکام کیلئے بڑا خطرہ بن سکتے ہیں ،کثیر الجہتی معاہدات، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ چارٹر کے تحت سفارتی حل ناگزیر ہے ۔

Read Comments