Aaj Logo

شائع 02 مارچ 2022 12:53pm

عدم اعتماد چوہدری برادران کے بغیر بھی ہوجائے گی، شاہدخاقان عباسی کا دعویٰ

کراچی : مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءشاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ عدم اعتماد چوہدری برادران کے بغیر بھی ہوجائے گی،عوام یا اقتدار، فیصلہ چوہدری برادران نے کرنا ہے۔

کراچی احتساسب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب وہ ادارہ ہے جس نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا،نئی حکومت آئی تو سب سے پہلے نیب کا اختیار واپس لیا جائے گا۔

شاہد خاقان عباسی نےمزید کہا کہ بریگیڈیئر اسد منیر نے نیب کے جھوٹے ریفرنس کے بعد خودکشی کرلی تھی ،کل اسلام آباد نیب کورٹ نے ان کا مقدمہ خارج کردیا،چیئرمین نیب کو ایک دن تمام سوالات کا جواب دینا پڑے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما ءنے دعویٰ کیا کہ عدم اعتماد چوہدری برادران کے بغیر بھی ہوجائے گی،مسلم لیگ ق نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اقتدار کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پھر عوام کے ساتھ۔

وفاقی حکومت کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان نے جو کچھ کہا وہ گھبراہٹ کا نتیجہ ہے،ان کے اقدامات کا معاشی اثر منفی ہوگا۔

اس سے قبل احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب نے ملزم عمران الحق کی درخواست پر جواب داخل نہیں کروایا۔

عدالت نے سابق سیکریٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کی بریت کی درخواست پر نیب حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Read Comments