Aaj Logo

شائع 27 فروری 2022 09:28pm

پی ایس ایل 7 فائنل: لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 181 رنز کا ہدف

لاہور: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے181 رنز کا ہدف دے دیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے فائنل میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کی ذمہ درانہ اور اختتامی اوورز میں بروک اور ویزے کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 180 رنز بنائے، حفیظ 46 گیندوں پر 69 رنز بناکر نمایاں رہے۔

لاہور قلندرز کی اننگز

لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا صرف 25 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹاپ 3 بیٹرز پویلین لوٹ گئے، ان فارم فخر زمان3، عبداللہ شفیق 14 اور ذیشان اشرف 7 رنز بناسکے۔

3 وکٹیں گرنے کے بعد حفیظ اور کامران غلام کے درمیان 54 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم 79 رنز کے مجموعی اسکور پر کامران 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم دوسری جانب سے حفیظ نے ذمہ درانہ اننگز کھیلی لیکن وہ بھی 46 گیندوں پر 69 رنز بناسکے۔

اس کے علاوہ اختتامی اوورز میں ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزے کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت قلندرز نے مقررہ اوورز میں180 رنز بنائے۔

ہیری بروک نے22 گیندوں پر41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ویزے نے8 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے آصف آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویلی اور شاہنواز دھانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ملتان کو پی ایس ایل سیون میں اب تک واحد شکست لاہورقلندرز سے ہی ہوئی ہے۔

ٹاس سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئر مین پی سی بی رمیز راجا نے ایونٹ کے بہترین انعقاد پر سکیورٹی اداروں سمیت تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

Read Comments