لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے ایلیمنیٹر مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے، کامران اکمل نے 58 اور شعیب ملک نے 55 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ حسین طلعت نے 28، محمد حارث نے 12 اور یاسر خان نے 8 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 170 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی تیسری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز نے 49 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی،اعظم خان نے 28 اور کپتان شاداب خان نے 22 رنز بنائے،ویل جیکس 11 اور آصف علی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
لیام ڈاؤسن 2 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور ٹیم کو فتح دلوادی۔
پشاور زلمی کے سلمان ارشاد نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔خالد عثمان اور بینی ہاؤل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہےکہ اب اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ دوسرے ایلمنیٹر میں لاہور قلندرز سے ہوگا اور ان میں سے جو جیتے گا وہ ملتان سلطانز سے فائنل میں مقابلہ کرےگا۔