Aaj Logo

شائع 20 فروری 2022 01:46pm

سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی حکومت نے عوام کو غربت میں دھنسا دیا، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بے آواز شہریوں کی طاقتور آواز بنی رہے گی، سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی حکومت نے عوام کو غربت میں دھنسا دیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم سماجی انصاف پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سماجی انصاف یقینی بنانا ہی ملک کو پرامن اور خوشحال بنانے کی چابی ہے اور سماجی انصاف ہی پیپلز پارٹی کے نظریے اور جدوجہد کا سنگ بنیاد ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم خواتین، مزدوروں اور کمزور طبقات کو باختیار بنانےکیلئے سرگرم ہیں، پی پی حکومت کے فیصلوں نے ناتواں اور کمزوروں کو اپنا بہتر مستقبل کا خواب دیکھنے کے قابل بنایا،پیپلز پارٹی اپنے دور میں ہمیشہ عوام کو سماجی انصاف فراہم کرتی ہے، پیپلز پارٹی سماجی ناانصافیوں کے متاثرین کیلئے ایک امید ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید بھٹو نے سماجی عدم مساوات کیخلاف تحریک چلائی اور بی بی شہید کو نوجوانوں کو روزگار دینے پر عدالتوں کے چکر لگوائے گئے، شہید محترمہ نے ملک میں زچہ و بچہ کی صحت کیلئے انقلابی اقدامات کئے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 27 فروری سے عوامی لانگ مارچ شروع کرنے جا رہی ہے جو مہنگائی کیخلاف ہے، غریب عوام کو عمران خان کی سلیکٹڈ و کٹھ پتلی حکومت نے مزید غربت میں دھنسا دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی بے آواز شہریوں کی طاقتور آواز بنی رہے گی کیونکہ ہماری پارٹی کی بنیاد ہی ایک مقصد کے تحت رکھی گئی تھی۔ پاکستان کو پیپلز پارٹی ہی مسلم ممالک کا ایک رول ماڈل ملک بنائے گی۔

Read Comments