وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ غیر مستحکم معاشی صورتحال کے باعث کراچی میں جرائم کا گراف بڑھ رہا ہے۔
وہ کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر نثار کھوڑو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جو سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب لڑنے کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے موجود تھے۔
مراد علی شاہ نے شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کا ذمہ دار بدترین معاشی صورتحال کو قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وہ گزشتہ روز کراچی میں پیش آنے والے واقعے کا ذکر کر رہے تھے جس میں ایک سینیئر صحافی اطہر متین ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بنانے کی کوشش میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
مراد علی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ متعلقہ محکموں کو شہر میں سیکورٹی کے حالات بہتر بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
اطہر متین کی نماز جنازہ آج کلفٹن کی الصدیقی مسجد میں ادا کی گئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، صحافی کے اہل خانہ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔