کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب فائرنگ سے سینئر صحافی اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ فائیو اسٹار چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مبینہ طور پر ایک کار نمبر اے ایچ ٹی 180 پر سوار اطہر متین کو روکنے کی کوشش کی۔
کار سوار نے گاڑی روکنے کی بجائے ملزمان کی موٹر سائیکل کو کار سے ٹکر مار دی جس سے وہ گر گئے تاہم ان میں سے ایک ملزم نے پستول سے کار پر 3 گولیاں فائر کیں۔
گولیاں لگنے سے اطہر متین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاش ایدھی فاؤنڈیشن کے عملے نے اسپتال منتقل کردی۔
ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر سڑک کے دوسری طرف دوسری موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا لگتا ہے تاہم حتمی طور پر تفتیش کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔
پولیس کاکہنا ہے کہ صحافی اطہر متین بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس گھر آ رہے تھے،جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کی گولی کا ایک خول ملا ہے،انہیں ایک گولی لگی جس سے ان کی موت واقع ہوئی۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملزمان کی موٹرسائیکل تحویل میں لے لی ہے،واقعے کی مختلف پہلوں سے تفتیش جاری ہے ۔
واضح رہے اطہر متین نجی ٹی وی سماء سے منسلک تھے اور بطور پروڈیوسر ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے جبکہ وہ آج نیوز سے بھی منسلک رہے۔