اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر قانونی قراردیتےہوئےپی ٹی آئی رہنما ءعمر امین گنڈاپوراورصوبائی وزیر شاہ محمدکی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی رہنما ءعمر امین گنڈا پور کی نااہلی کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے کہاکہ عمر امین گنڈاپور پر الزام ہے کہ ان کے بھائی علی امین گنڈاپور نے انتخابی مہم چلائی لیکن الیکشن کمیشن کو پہلے جرمانہ کرنا تھا اس کے بعد نااہلی کا مرحلہ آتا ہے، یہ جرمانے والا مرحلہ چھوٹ کیسے گیا؟۔
اسلا آبادہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما ءعمر امین گنڈا پور اور شاہ محمد کی نااہلی پر فیصلہ محفوظ کیا جو چند گھنٹوں بعد سنادیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عمر امین گنڈا پور کو میئر کا الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اس حوالے سے مختصر فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم تصور ہوگا تاہم علی امین گنڈا پور کخلااف جرمانے کا فیصلہ برقرار رہے گا۔
اسی طرح اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خیبر پختونخوا کے سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کی نااہلی کخلااف درخواست پر بھی سماعت کی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اتنی خلاف ورزی کہ ایک وزیر بیلٹ باکس ہی اٹھا کر لے جائے، جب اتنی سنگین خلاف ورزی ہوگی تو پھر تو پوری سیاسی جماعت ذمہ دار ہوگی، انہی کا علاقہ ہے یہ وہاں جاتے نظر آ رہے ہیں اور بیلٹ باکس اٹھا رہے ہیں، یا تو یہ ہے کہ چھوٹا سا جرم ہو یہاں تو بیلٹ باکس اٹھائے جارہے ہیں، بیلٹ باکس اٹھانے کے الزامات معمولی نہیں ہیں۔
شاہ محمد کے وکیل نے کہا کہ یہ مخالف امیدوار کی جانب سے الزامات لگائے گئے ہیں جن میں سچائی نہیں، ہمارے خلاف کیس کرنے والا محبت خان وہاں موجود نہیں تھا لیکن ہمارے خلاف شکایت کرتا ہے، محبت خان دراصل مخالف پارٹی جے یو آئی کا کارکن ہے، جو کچھ وہاں الیکشن میں ہوا یہ لوکل لوگوں کا کام نہیں ہے، یہ جگہ بالکل بارڈر پر ہے وہاں جے یو آئی کا پلڑا بھاری ہے، الیکشن میں بارڈر کی دوسری جانب سے طالبان کو جولے کر آیا ان کا نام کوئی بھی نہیں لیتا۔
چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے پوچھا کہ کیا آپ کے مؤکل ان کا نام لیتے ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ وہ بھی ان کا نام نہیں لے رہے۔
بعدازاں عدالت نے فیصلہ سنادیا جس میں صوبائی وزیر شاہ محمد کی نااہلی کو کالعدم قرار دیا گیا ہے تاہم بکا خیل سے پی ٹی آئی امیدوار مامون الرشیدکی نااہلی برقرار رہے گی۔