Aaj Logo

شائع 10 فروری 2022 06:07pm

پیپلز پارٹی سلیکٹڈ حکومت کے خلاف جنگ لڑے گی، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر 'سلیکٹڈ' حکومت کے خلاف جنگ لڑے گی اور موجودہ حکومت کا احتساب کیا جائے گا۔

ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ان کی پارٹی نے یوریا کی قلت کے خلاف آواز اٹھائی اور احتجاج کیا۔

انہوں نے کہا کہ "ہم کسانوں کے درد کو محسوس کرتے ہیں کیونکہ حکومت ان کا معاشی قتل کر رہی ہے۔"

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور ان کی پارٹی، تحریک انصاف حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد پہنچ کر وزیراعظم کا احتساب کریں گے اور 'سلیکٹڈ' حکومت کی نااہلی کو بے نقاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انہیں چور کہتے تھے اور حکومت کو چیلنج کرتے تھے کہ اگر ہو سکے تو گرفتار کر لے۔

اس سے قبل بدھ کو ملتان میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ وہ استعفیٰ دیں اور انتخابات کا اعلان کریں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عمران بزدل ہے اور الیکشن سے بھاگ رہا ہے، عمران خان میں ہمت ہے تو پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ سے پہلے اسمبلی تحلیل کردیں۔

Read Comments