اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے بہترین کارکردگی پر 10 وفاقی وزراء کو تعریفی اسناد سے نوازدیا ،جن میں مراد سعید کی پہلی، اسدعمرکی دوسری اور ثانیہ نشتر کی تیسری پوزیشن رہی۔
اس حوالے سے بہترین کارکردگی پر 10 وفاقی وزارتوں میں تعریفی اسناد دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔
وزیرِ اعظم آفس میں ہونے والی تقریب میں وزیرِ اعظم عمران خان نے 10 وزراء میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے، جن وزراء کو شاندار کارکردگی پر سرٹیفکیٹ ملے ہیں ان کی وزارتوں کے ملازمین کو بھی اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔
کارکردگی کی بنیاد پر وزارتِ مواصلات کا پہلا نمبر رہا، وفاقی مراد سعید تمام وزراء پر بازی لے گئے۔
وفاقی وزیر اسد عمر، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، شیریں مزاری، خسرو بختیار، معید یوسف، عبدالرزاق داؤد، شیخ رشید، شفقت محمود اور فخر امام بھی وزیرِ اعظم عمران خان کی ٹیم کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
کارکردگی کی بنیاد پر مراد سعید کی وزارتِ مواصلات کا پہلا نمبر رہا، اسد عمر کی وزارتِ پلاننگ کا دوسرا، غربت کے خاتمے کی وزارت کا تیسرا، شفقت محمود کی وزارتِ تعلیم کا چوتھا، شیریں مزاری کی وزارتِ انسانی حقوق کا پانچواں، خسرو بختیار کی وزارتِ صنعت کا چھٹا، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کا ساتواں، عبد الرزاق داؤد کی وزارتِ تجارت کا آٹھواں، وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی وزارتِ داخلہ کا نواں جبکہ سید فخر امام کی نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی کی وزارت کا آخری یعنی دسواں نمبر رہا۔
وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ شروع میں میرے خیالات انقلابی تھے ،چاہتے تھے کہ فوری تبدیلیاں لائیں، مگر نظام میں کمزوریوں کے باعث ایسا نہیں ہوتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیر اگر اچھا کام نہیں کریں گے تو میں کیا کرسکتا ہوں، مرادسعید سب سے کم عمر اور سب سے اچھے وزیرہیں، جو مبارکباد کے مستحق ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزارتوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تعریفی اسناد سے آئندہ بھی وزارتو ں کی کارکردگی بہتر ہوگی وزارتوں کو اسناد ان کی اچھی کارکردگی پر دینا مثبت کام ہےدیگر وزراسے بھی کہوں گا محنت کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا میں وزارت ہو یا شعبے سب میں سزااور جزاکا نظام ہونا چاہیئے،لوگ نجی اسپتالوں کا رخ اس لیے کرتے ہیں کہ یہاں سزا جزا کا قانون نہیں،سزا اورجزا کے بغیر نظام نہیں چل سکتا، پرائیویٹ سیکٹر میں سرٹیفکیٹ بہترین کارکردگی پردیئے جاتے ہیں ۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بیوروکریسی میں کارکردگی کی بہتری کیلئے مراعات دینے چاہئیں ، بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنیوالی وزارتوں کومراعات دی جائیں گی۔