اسلام آباد ہائیکورٹ سے پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رہنماء کو ریلیف مل گیا، عدالت نے خیبرپختونخوا کے وزیر شاہ محمد کی نااہلی کا فیصلہ معطل کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے وزیرشاہ محمد کی نااہلی کے فیصلے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، شاہ محمد کی جانب سے احسن بھون ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ مامور خان وزیر خود حملہ کر کے الیکشن کمیشن میں متاثرہ فریق بن کر آگئے اور حملہ مخالف امیدوار مامور خان وزیر نے شکست دیکھ کر کیا تھا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد شاہ محمد کی نااہلی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا ۔
عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن وامان کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمد اور مامون الرشید کو یکم فروری کو نااہل کیا تھا جس پر دونوں نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا۔