کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے گارڈن ویسٹ میں غیرقانونی تعمیر شدہ 9 منزلہ الجنت رائل ریزیڈنسی کو مسمار کرنے کا حکم دےدیا ۔
سندھ ہائیکورٹ میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے گارڑن ویسٹ میں 9 منزلہ الجنت رائل ریزیڈنسی کو مسمار کرنے کا حکم دےدیا ۔
عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر اداروں کو(الجنت رائل ریزیڈنسی)عمارت میں مزید تعمیرات سے روک دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے9 منزلہ عمارت کو مسمار کرکے 45 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے سب رجسٹرار کو حکم دیا کہ الجنت رائل ریزڈینسی میں کسی کوبھی سب لیز نہ دی جائے۔
سندھ ہائیکورٹ نےعمارت کو بجلی،پانی اور گیس کے کنکشنز فراہم کرنے سے روک دیا اور بلڈرز اور ملوث افسران کخلارف بھی کارروائی کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار کے وکیل اصغر علی خان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پلاٹ نمبر323 گارڈن ویسٹ لسبیلہ پر گراؤنڈ پلس 6 منزلہ عمارت کی تعمیرات کی اجازت لی گئی تھی، پلاٹ پر 6 کے بجائے 9 منزلہ عمارت کی تعمیرجاری ہے۔
وکیل نےعدالت کو بتایا کہ ایس بی سی اے کو کئی خطوط لکھ چکے ہیں تاہم کارروائی نہیں کی گئی۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے کہ ہم غیرقانونی تعمیرات روکنے کا حکم دے رہے ہیں، عدالت کے حکم نامے کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا تو درخواست گزار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے مزید ریمارکس دئیے کہ اگرحکم امتناع لے کر بلڈر کے ساتھ ساز باز کرکے درخواست واپس لینے کی کوشش کی تو بھی درخواست گزار کے خلاف کارروائی ہوگی۔