اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دے دیا اوروفاقی وزیر کو عوامی اجتماعات سے خطاب سے روک دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 3رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے رہنماء علی امین گنڈا پور کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا، جس میں الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دے دیا۔
عمر امین گنڈا پور کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہل کیا گیا، عمرامین گنڈاپور ڈی آئی خان سے پی ٹی آئی کے تحصیل میئر کے امیدوار ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے علی امین گنڈاپور کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کو عوامی اجتماعات سے خطاب سے روک دیا۔
الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو ڈی آئی خان میں داخلے کی اجازت دے دی تاہم وہ کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
فیصلے کے مطابق علی امین گنڈا پور صرف گھریلو تقریبات میں شریک ہوسکیں گے تاہم پھر خلاف ورزی کی تو سخت کاروائی ہوگی۔
یاد رہے 3 روز قبل الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کو خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران ضلع بدر کرنے کا حکم دیا تھا۔